Posts

Showing posts from May, 2018

تم اصل ہو یا خواب ہو تم کون ہو؟

تم اصل ہو یا خواب ہو، تم کون ہو؟ تم مہر ہو، مہتاب ہو، تم کون ہو؟ جو آنکھ بھی دیکھے تمہیں سر سبز ہو تم اس قدر شاداب ہو، تم کون ہو؟ تم لب بہ لب، تم دل بہ دل، تم جاں بہ جاں اک نشّہ ہو، اک خواب ہو، تم کون ہو؟ جو دستِ رحمت نے مرے دل پر لکھا تم عشق کا وہ باب ہو، تم کون ہو؟ میں ہر گھڑی اک پیاس کا صحرا نیا تم تازہ تر اک آب ہو، تم کون ہو؟ میں کون ہوں وہ جس سے ملنے کے لیے تم اس قدر بے تاب ہو، تم کون ہو؟ میں تو ابھی برسا نہیں دو بوند بھی تم روح تک سیراب ہو، تم کون ہو؟ یہ موسِمِ کمیابیِ گُل کل بھی تھا تم آج بھی نایاب ہو، تم کون ہو؟ چھُوتے ہو دل کچھ اس طرح جیسے صدا اک ساز پر مضراب ہو، تم کون ہو؟ دل کی خبر دنیا کو ہے تم کو نہیں کیسے مرے احباب ہو، تم کون ہو؟ وہ گھر ہوں میں جس کے نہیں دیوار و در اس گھر کا تم اسباب ہو، تم کون ہو؟ اے چاہنے والے مجھے اس عہد میں میرا بہت آداب ہو، تم کون ہو؟ شاعر: عبید اللہ علیم

ضبط کرتا ہوں تو ہر زخم لہو دیتا ہے

ضبط کرتا ہوں تو ہر زخم لہو دیتا ہے آہ کرتا ہوں تو اندیشۂ رسوائی ہے دیکھتا ہوں تو ہزاروں مرے اپنے ہیں مگر سوچتا ہوں تو وہی عالمِ تنہائی ہے

مومن خاں مومن ـ آخر کو دشمنی ہے دعا کو اثر کے ساتھ

Image
مانگا کریں گے اب سے دعا ہجرِ یار کی آخر کو دشمنی ہے دعا کو اثر کے ساتھ شاعر: مومن خاں مومن

دوست بن کر بھی نہیں ساتھ نبھانے والا

دوست بن کر بھی نہیں ساتھ نبھانے والا وہی انداز ہے ظالم کا زمانے والا اب اُسے لوگ سمجھتے ہیں گرفتار مرا سخت نادم ہے مجھے دام میں لانے والا کیا کہوں کتنے مراسم تھے ہمارے اُس سے وہ جو اک شخص ہے منہ پھیر کے جانے والا تیرے ہوتے ہوئے آجاتی تھی ساری دنیا آج تنہا ہوں تو کوئی نہیں آنے والا منتظر کس کا ہوں ٹوٹی ہوئی دہلیز پہ میں کون آئے گا یہاں؟ کون ہے آنے والا؟ تم تکلّف کو بھی اخلاص سمجھتے ہو فراز دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا شاعر: احمد فراز